شکارپور: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی آمد سے اظہار لاعلمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آنا ہے تو ضرور آئیں، کچے کے علاقے میں بھی آئیں۔
تفصیلات کے مطابق شکار پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہیں یا سندھ حکومت کے حکام میں سے کسی کو اس سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، شیخ رشید کو آنا ہے تو ضرور آئیں کچے کے علاقے میں بھی آئیں۔ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی مدد سے پہلے بھی علاقے میں امن قائم کیا تھا، اب بھی کریں گے، اگر ضرورت پڑی تو دیگر اداروں کی مدد بھی لیں گے۔
دوسری جانب سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ امن و امان کی آڑ میں سندھ کے معاملات میں مداخلت غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، حالیہ دنوں میں پنجاب میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرے نے سارا صوبہ جام کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے معاملے میں وفاقی حکومت خاموش رہی، جو دہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 وزراءکا وفاق اورصوبہ تناؤ بڑھانے میں ذاتی مفاد ہے۔