ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی

ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی
کیپشن: ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

تہران: ایران کے جنوبی شہر عسلویہ میں واقع پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبہ بوشہر میں واقع شہر عسلویہ کے گورنرعبدالنبی یوسفی نے ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کو بتایا ہے کہ پیٹروکیمیکل کی دو کمپنیوں کے درمیان آکسیجن کی ترسیل کے لیے نصب پائپ لائن پھٹنے سے دھماکہ ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کے لیے ایک ٹیکنیکل ایمرجنسی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کے بعد اس ضمن میں مزید کچھ کہنا ممکن ہو گا۔

ایران کے صوبہ خوزستان میں واقع شہر آبادان میں تیل صاف کرنے کے سب سے قدیم اور بڑے کارخانے میں بھی شدید گرمی کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے دھماکہ ہوا تھا جس سے تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ریفائنری کے احاطے میں آتش گیر مواد موجودہونے کے سبب درجہ حرارت بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران میں جون 2020 کے بعد سے فوجی ، جوہری، پیٹرولیم اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔