نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ملک میں کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے باعث ملتوی ہونے والی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو متحدہ عرب امارت (یو اے ای) میں آزمائشی طور پردوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ملتوی کردہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 18 یا 19 ستمبر کو آزمائشی طور پر دوبارہ شروع ہوگی اور اگر یہ کامیابی سے جاری رہی تو لیگ کا فائنل 9 یا 10 اکتوبر کو ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ستمبر ہفتہ اور 19ستمبر اتوار ہے ،اس لئے زیادہ امکان ہے کہ ان تاریخوں میں آئی پی ایل کا آغاز کیا جائے جبکہ ٹورنا منٹ کا اختتام بھی ہفتے کے آخر میں ہی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے خوفناک پھیلاؤ کے باعث آئی پی ایل کو چار مئی کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب کورونا کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پہلے ہی یو اے ای منتقل ہو چکی ہے جس کا پہلا میچ پانچ جون کو متوقع ہے جبکہ فائنل 20 جون کو کھیلا جائے گا تاہم حتمی شیڈول کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔