کراچی: وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کی خبریں بے بنیاد ہیں، کراچی کے دورے کا مقصد امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینا ہے۔ وزیر اعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید وزیر اعظم کی ہدایت پر دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ امن و امان کی صورتحال پر رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، کراچی آنے کا مقصد امن و امان کی صورت حال کو دیکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے دورے میں وزیر اعلی سندھ سے بھی ملاقات کرونگا، جب کہ آج ڈی جی رینجرز سے ملاقات ہوگی۔
کراچی روانگی سے قبل وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کا جائزہ لینے کے لئے جارہا ہوں جس کا مقصد صرف امن ہے، اور کوئی مشن نہیں، کراچی سے واپسی پر وزیر اعظم کو امن و امان کی رپورٹ پیش کروں گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد شاہ سےکل طے ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ جس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ون آن ون ملاقات ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت دی تھی کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور سیکیورٹی اداروں سے مل کر امن و امان کی مخدوش صورتحال سے متعلق رپورٹ تیار کریں اور اس کے سدباب کے لیے حکمت عملی تیار کرکے پیش کریں۔