اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے یہ بات پاک چین رولنگ پارٹیز ڈائیلاگ سیشن میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد بھی اس ورچول اجلاس میں شریک تھے جبکہ چین کی جانب سے آئی ڈی سی پی سی کے وزیر سانگ تاؤ، نائب وزیر چن ژاؤ اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ کا کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے ناصرف گفت وشنید کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا۔ ہماری یہ میٹنگ اس وقت منعقد ہو رہی ہے جب ہم اپنی قومی اور دو طرفہ تاریخ کے اہم مراحل سے گزر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے 21 مئی کو اپنی لازوال دوستی کے ستر سال مکمل کیے۔ چین نے غربت کے خاتمے کا حدف کامیابی سے حاصل کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اسی سال جولائی میں اپنے سو سال مکمل کر رہی ہے۔ یہ ہمارے دونوں ممالک اور سیاسی پارٹیوں کیلئے تاریخی موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس تاریخی موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف چین، جنرل سیکرٹری شی جن پنگ، اور دونوں ممالک کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی مسلسل کاوشوں سے، پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ لا زوال دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے پر پختہ اعتماد، سوچ اور مفادات کی یکسانیت پر ہے۔ پاکستان اور چین کے عوام کے مابین ایک قلبی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تبدیلی کا مظہر ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہم صنعتی ترقی، تخفیف غربت، روزگار کی فراہمی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سات دہائیوں پر مشتمل مثالی دو طرفہ تعلقات "اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں بدل چکے ہیں۔ پارٹیز کی سطح پر پاکستان تحریک انصاف اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بہترین دو طرفہ تعاون، خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، وزیر اعظم عمران خان نے چین کی ان کامیابیوں کو ترقی پذیر ممالک کیلئے قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔ غربت کا مکمل خاتمہ اور چین کے خلائی مشن کی مریخ پر کامیاب لینڈنگ ان کامیابیوں کا واضح ثبوت ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کہ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کے خواہشمند ہیں تاکہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکیں۔