اندرون سندھ امن و امان کی صورتحال، پولیس کا کچے میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

06:01 PM, 26 May, 2021

کراچی: صوبائی حکومت نے اندرون سندھ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی سوکربی کیلئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اہم معاملے پر پولیس حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تفصیلی بریفنگ دیدی گئی ہے۔ پولیس حکام نے درخواست کی کہ انھیں اس گرینڈ آپریشن کیلئے ہیوی مشینری اور جدید اسلحہ بھی درکار ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کے فنڈز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ یہ آپریشن شکارپور، گھوٹکی، کشمور اور سکھر کے علاقے میں کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے گزارش کی گئی ہے کہ 3 نئی بکتر بند گاڑیاں اور جدید اسلحہ 24 گھنٹے میں فراہم کیا جائے جبکہ خفیہ اہم جدید آلات بھی حکومت پولیس کو فراہم کرے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی روانہ ہو گئے ہیں، وہ وہاں امن وامان سے متعلق رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کیساتھ سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ روانگین سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے جا رہا ہوں، مشن صرف امن ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کراچی اور سندھ میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کل صبح 10 بجے ہوگی۔

اس اہم ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ شیخ رشید اور گورنر سندھ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی کل دوپہر ایک بجے ہوگی۔

مزیدخبریں