مریم نواز کے نہیں شہباز شریف کے مؤقف کو ن لیگ کا مؤقف سمجھیں گے، بلاول بھٹو

05:24 PM, 26 May, 2021

بدین: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب مریم نواز کے پیپلز پارٹی سے متعلق بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے مؤقف کو ن لیگ کا مؤقف سمجھیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کےموقف کو مسلم لیگ ن کا موقف سمجھیں گے۔ شہبازشریف ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر ہیں۔ میں نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے نوٹس کو پھاڑا ہے، ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم مریم نواز یا کسی اور کو جوابدہ نہیں پیپلزپارٹی کے جیالوں کو جوابدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب عوام کی جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حق کی بات کی اور پی ٹی آئی حکومت کی و جہ سے بے روز گاری میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی آئی ایم ایف سے معاہدے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم ہرفورم پر غریب عوام کے حق کی بات کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ماتلی میں پیپلز پارٹی کی جیت ہماری نہیں عوام کی جیت ہے۔ ہم بلوچستان اور سندھ کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ بدین ، ٹھٹھہ اور ساحلی علاقوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ جے یو آئی ف کا پیپلزپارٹی کے ساتھ اچھا تعلق رہاہے۔ اپوزیشن کے دوست پیپلزپارٹی کی مخالفت کے بجائے حکومت کی طرف توجہ دیں۔

بلاول نے کہا کہ پانی کے 91 کے معاہدے پر عمل نہیں ہورہا ہے. پانی کا مسئلہ ہمارے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ کم ازکم 19 91 کے معاہدے پر عمل ہمارا مطالبہ ہے۔ پانی کے معاملے پر نئے معاہدے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحافی اسد طور پر حملہ کیا گیا۔ اگر اسلام آباد میں صحافی محفوظ نہیں تو پاکستان کے لیے یہ کیا پیغام ہے؟ ۔وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد میں امن امان قائم کرنے میں ناکام رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے پی ڈی ایم کے نوٹس کو پھاڑا ہے، ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم مریم نواز یا کسی اور کو جوابدہ نہیں پیپلزپارٹی کے جیالوں کوجوابدہ ہیں۔

مزیدخبریں