سعودی عرب نے اسرائیل کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

سعودی عرب نے اسرائیل کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

ریاض : سعودی عرب نے اسرائیل سے دبئی جانیوالی ایک پرواز کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے سے روک دیا ہے۔

اسرائیل ایئرلائن اور ٹورازم لیمیٹڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی فلائٹ661 نے مقامی وقت کے مطابق صبح6 بجے دبئی کیلئے روانہ ہونا تھا۔ایئرلائن کمپنی کی ترجمان خاتون نے بتایا کہ سعودی عرب نے انہیں اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی اور اس کی وجہ بھی فی الحال معلوم نہیں ہو سکی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دفتر خارجہ اس سلسلے میں تمام معاملات دیکھ رہا ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال اسرائیل کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ریاض نے سعودی فضائی حدود کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے لیے تمام پروازوں (بشمول اسرائیل کی پروازوں) کی اجازت دینے پر اتفاق کیا تھا۔

گزشتہ سال متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد اسرائیل اور مذکورہ عرب ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہوئی تھیں۔ریاض نے ابھی تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے باضابطہ طور پر اتفاق نہیں کیا ہے لیکن اس نے متحدہ عرب امارات، سوڈان اور بحرین کی اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی مخالفت نہیں کی ہے۔