آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

جنرل باجوہ اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ، خطے کی سیکیورٹی ، استحکام اور مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پریس بریفنگ کے دوران پینٹاگون پریس سیکرٹری 'جان کَربی' کا کہنا تھا کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن کے درمیان گفتگو میں خطے کی سیکیورٹی ، استحکام اور مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پینٹاگون پریس سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر دفاع نے افغان امن مذاکرات کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور امریکا پاکستان دوطرفہ تعلقات کا فروغ جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان کی جانب سے سرحد پار فائرنگ اور دہشت گرد گروپوں کے اکھٹے ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں پاک افغان امن عمل کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی ۔ پاکستان نے سرحدوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں اور افغانستان سے بھی ایسے ہی اقدامات کی توقع ہے تاکہ امن تباہ کرنے والوں کو کوئی جگہ نہ مل سکے ۔