پتوکی: پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں ریلوے کا پھاٹک کھلا رہ جانے کے سبب ایک کار ٹرین کی زد میں آنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جن میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کار میں دو بھائی اور ان کی بیویاں سوار تھیں۔مقامی افراد نے بھی ریسکیو ٹیمیوں کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور لاشوں کو کار سے نکالنے میں مدد کی۔ ٹرین کی ٹکر سے کار بالکل چپک گئی جس کےباعث لاشوں کو ریسکیو کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔پتوکی میں اس سے قبل بھی موجودہ پھاٹک پر حادثات پیش آچکے ہیں اور ماضی میں ذمہ دار پھاٹک گارڈ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔ نمائندے کا کہنا تھا آج بھی پھاٹک گارڈ کی غفلت کے سبب حادثہ پیش آیا ہے۔خیا ل رہے کہ اگست 2018 سے لے کر جون 2019 تک کے درمیانی عرصے میں یلوے پھاٹکوں کے باعث 20 حادثات پیش آئے تھے جب کہ اسی عرصے میں74 دیگر حادثات کے سبب بھی جانی و مالی نقصان ہوا۔