بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، خاتون جاں بحق

04:19 PM, 26 May, 2017

مظفر آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر ایک بار پھر اشتعال انگیزی شروع کر دی ہے۔ آج بھمبر سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 60 سالہ خاتون فرزند بیگم جاں بحق ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر چودھری گفتار کے مطابق جاں بحق ہونیوالی خاتون  کا تعلق ڈسٹرکٹ بھمبر کے گاؤں نالی سے ہے۔ رواں ماہ سرحد پار سے ہونیوالی فائرنگ اور گولہ باری سے اب تک تین پاکستانی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 30 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے میجر ایمنوئل اور میجر مرکو کنٹرول لائن پر خنجر سیکٹر کے دورے پر تھے کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کر کے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ دونوں محفوظ رہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا تعلق فلپائن اور کروشیا سے ہے۔ پروسیجر کے تحت مبصرین کی گاڑی پر نیلے رنگ کا جھنڈا بھی لہرا رہا تھا۔

اس سے پہلے پاک فوج نے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا تھا۔ پاک فوج کے بیان میں مزید کہا گیا نوشہرہ کے قریب پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعوی جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی شہریوں پر وار کرنے کا بھارتی دعوی بھی من گھڑت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں