بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے نئے ہیڈکوچ کیلئے اشتہار دے دیا

03:06 PM, 26 May, 2017

ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انیل کمبلے کا معاہدہ ختم ہونے سے ایک ماہ قبل مینز ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے کیلئے اشتہار دے دیا، خواہشمند امیدواروں کو درخواستیں جمع کرانے کیلئے 31 مئی تک کی ڈیڈلائن دی گئی ہے، موجودہ کوچ انیل کمبلے اگر ذمہ داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں تو وہ براہ راست انتخاب کے عمل میں شامل ہوں گے۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مینز ٹیم کی کوچنگ کیلئے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور تین سابق سٹارز سچن ٹنڈولکر، ساروگنگولی اور وی وی ایس لکشمن امیدواروں سے انٹرویوز لیں گے اور اپنی سفارشات بورڈ کو پیش کریں گے جس کے بعد بورڈ حتمی کوچ کا تقرر کرے گا۔

بی سی سی آئی نے گزشتہ برس جون میں انیل کمبلے کو ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی تھی اور اس سے قبل کمبلے کسی بھی طرح کا فرسٹ کلاس اور انٹرنیشنل کوچنگ کا تجربہ نہیں رکھتے تھے لیکن ان کی زیر کوچنگ بھارتی ٹیم نے کامیاب سال گزارہ ہے اور صرف ایک ٹیسٹ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں