سلمان کے بعد ان کے بہنوئی فلم میں کترینہ سے عشق لڑاتے نظر آئینگے

02:43 PM, 26 May, 2017

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے چھوٹی بہن ارپتا خان کے شوہر ایوش شرما کو فلم نگری میں متعارف کرانے کی ٹھان لی۔ سلمان خان اب تک فلم نگری میں کئی اداکاروں اور اداکاراوں کو متعارف کرا چکے ہیں اور کئی کے فلمی کیرئیر کو کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں ”گاڈ فادر“ کہا جاتا ہے لیکن اب سلو میاں نے اپنے گھر کے فرد کو بھی فلم نگری میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی لے پالک چھوٹی بہن ارپتا خان کی ناراضی دور کرنے کے لیے ان کے شوہر ایوش شرما کو فلم نگری میں متعارف کرانے کی ٹھان لی جس کے بعد انہیں فلم”رات باقی“ میں کاسٹ کرا دیا ہے۔

سلو میاں کے بہنوئی ایوش شرما سے قبل فلم ”رات باقی“ کے لیے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد اب ان کی جگہ ایوش کترینہ کیف سے عشق لڑاتے نظر آئینگے جب کہ یہ فلم سلمان خان فلمز کے بینر تلے بنائی جائے گی جس کی ہدایت کاری کے فرائض ادتیہ دھار سرانجام دیں گے۔

اس سے پہلے یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ سپر سٹار سلمان خان نے چنکی پانڈے کی بیٹی انانیا کو فلموں میں بریک دینے کی حامی بھر لی ہے۔ انانیا پانڈے کی ابھی عمر صرف 18 سال ہے اور انہوں نے حال ہی میں اپنی گریجویشن مکمل کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں