واشنگٹن: روس کے ساتھ روابط کے سلسلے میں امریکی صدر ٹرمپ کے سینئر مشیر اور ان کے داماد جیریڈ کشنر بھی ایف بی آئی کی جانچ پڑتال کے دائرے میں آ گئے۔ امریکی ایجنسیوں کا خیال ہے کہ تفتیش کے سلسلے میں کشنر کے پاس اہم معلومات ہیں۔
امریکا کا وفاقی تحقیقی ادارہ ایف بی آئی 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ممکنہ روسی مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم سے روس کے روابط کے بارے میں تفتیش کر رہا ہے۔ خفیہ ایجنسیاں سمجھتی ہیں کہ روس نے انتخابات کو رپبلکن پارٹی کے حق میں موڑنے کی کوشش کی۔
میڈیا کے مطابق تفتیش کار کشنر کی ان ملاقاتوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں جو انہوں نے امریکا میں روس کے سفیر سرگئی کزلیئک اور ماسکو کے ایک بینکر کے ساتھ کی تھیں۔
کشنر کے وکیل جیمی گورلک نے برطانوی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کشنر کو روس سے روابط کے متعلق جو کچھ بھی معلوم ہے اسے انہوں نے رضاکارانہ طور پر سینیٹ کے سامنے بتانے کی پیش کی تھی اگر ان سے کسی بھی انکوائری سے متعلق رابطہ کیا گیا تو وہ پھر سے وہی کرنے کو تیار ہیں۔
ایف بی آئی اور کانگریس دونوں ہی ٹرمپ کی انتخابی ٹیم اور روس کے درمیان ممکنہ روابط سے متعلق تفتیش کرنا چاہتے ہیں اور اب اس کی تفتیش ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولیر کے حوالے کی گئی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں