ایک دن میں 40 سگریٹ پھونکنے والے بچے نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی

ایک دن میں 40 سگریٹ پھونکنے والے بچے نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی

جکارتہ: دو سالہ الدی ریزال اس وقت ساری دنیا میں مقبول ہو گیا تھا جب اس کی ہر روز 40 سگریٹ پینے کی خبریں دنیا بھر کے میڈیا پر آئیں۔ ان ساری باتوں کو 7 سال گزر گئے ہیں اور اب وہ 9 سال کا ہو گیا ہے لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی۔

سگریٹ نوشی چھوڑنا اس کے لئے کوئی آسان کام نہیں تھا لیکن انڈونشیا کی حکومت نے الدی کے گاؤں میں منشیات کے شکار افراد کی بحالی کا پروگرام شروع کیا کیونکہ گاؤں میں الدی کی اس عادت کی وجہ سے اور بھی بچے متاثر ہو رہے تھے۔

اس پروگرام کی بدولت اس کی یہ لت 2013 میں چھوٹ گئی۔ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد اسے ایک اور لت پڑ گئی کہ وہ زیادہ مقدار میں جنک فوڈ کھانے لگا جس کی وجہ سے اس کا وزن بڑھنے لگا جو اس کے والدین کے لئے پریشانی کا باعث بنا گیا۔

الدی ریزال کی ماں نے بتایا کہ اس کو اگر کھانا نہیں ملتا تھا تو وہ دیوار پر اپنے سر کو مارنے لگ جاتا تھا اور کھانے کی ڈیمانڈ کرتا تھا۔ اس کے بعد الدی کے والدین اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے تاکہ اس کے بڑھتے ہوئے وزن کو کم کیا جائے۔

ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ سگریٹ پینے کی عادت نے اس کے وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ اس کا خون اس قابل نہیں رہا تھا جو کھانے سے گلوکوز کی خاصی مقدار توڑ سکتا تاہم ڈاکٹر نے اسے سخت ڈائٹ پر رکھنے کا مشورہ دیا اور اس کے والدین اسے 4 سال تک تازہ جوس اور سبزیاں کھانے کو دیتے رہے جس کے بعد الدی کے وزن میں خاصی کمی آ گئی۔

اب وہ چوتھی کلاس میں پڑھ رہا ہے اور اپنے سکول میں 'چیمپئن' کے نام سے جانا جاتا ہے۔ الدی اسکول میں اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل کود میں بھی حصہ لیتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں