اسلام آباد: وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے شہر اسلام آباد کیلئے تیار کی گئی ”اسلام آباد سٹی موبائل ایپلیکیشن“ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کردار ادا کرے گی۔
وزیر مملکت نے اس اقدام پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، این آئی ٹی بی ٹیکنیکل ٹیم اور سی ڈی اے حکام کی کوششوں کی تعریف کی جس سے شہریوں کو مقامی طور پر تیار کردہ ایپ سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا اور یہ ایپ نہ صرف شہری زندگی سے متعلق معلومات بلکہ مختلف سرکاری محکموں، یوٹیلٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صارفین کو مقامی سطح پر ہنگامی رابطہ کیلئے انتہائی اہم نمبروں کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ ملک میں چار سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ کوریج کے ساتھ یہی وقت ہے کہ تمام شعبوں کی موبائل ایپس کو شہریوں کیلئے وسعت دی جائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جمہوری اسلوب، انقلابی پالیسیوں اور دانشمندانہ سوچ کی بدولت موجودہ حکومت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ بالخصوص بہتر اسلوب حکمرانی کیلئے ای گورننس اور پاکستانی شہریوں کیلئے بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
وزیر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ڈیجیٹل پاکستان کیلئے سمارٹ سٹیز کے قیام کی جانب قدم اور سنگ میل ثابت ہوں گے جو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا وژن ہے۔ اسلام آباد سٹی ایپ میٹرو بس سٹیشنز، ایمرجنسی نمبرز، شکایات ہینڈلنگ، کرائم رپورٹنگ، ہسپتال، فارمیسی، ریستوران، فیول سٹیشن اور ایسی بہت سی مفید اقسام کی معلومات کی فر اہمی میں مدد گار ہو گا۔ یہ موبائل ایپیلیکیشن اسلام آباد سٹی ایپ کے نام سے گوگل سٹور پر دستیاب ہے اور اسے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے بھی ڈاﺅن لوڈ کیا جا سکتا ہے.