کابل: اٖفغان گلوکارہ اریانا سعید کو ایک کنسرٹ میں شرکت کے موقع پر جلد کی رنگت کا چست لباس پہننے پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد گلوکارہ نے اس لباس کو آگ لگا دی اور جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔ اریانا سعید نے 13 مئی کو پیرس میں ایک کنسرٹ میں متنازع لباس پہنا تھا جس پر نہ صرف مذہبی حلقوں نے اعتراضات کیے تھے بلکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ کئی لوگوں نے اس لباس کو افغان ثقافت کے منافی اور غیر اسلامی قرار دیا تھا۔
اریانا سعید اپنے لباس کو نظرِ آتش کرنے پر یقیناً زیادہ خوش نہیں تھی اور فیس بک پر اپنے 16 لاکھ مداحوں کو پیغام دیا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں واحد مسئلہ یہ لباس ہے تو صرف آپ کے لیے اسے آج آگ لگا دوں گی۔
اریانا سعید کی جانب سے لباس کو نظر آتش کرنے کے اقدام پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ملے جلے تاثرات سامنے آئے ہیں لیکن اریانا سعید بھی اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے مداحوں کو لکھا کہ اس بات کا معلوم ہونا چاہیے کہ میرے اقدام کی وجہ ان لوگوں کا دباؤ نہیں تھا جو اب بھی تاریکی کے دور میں رہتے ہیں بلکہ ہمارے معاشرے میں اہم مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
اریانا سعید افغانستان کی ایک مقبول گلوکارہ، نغمہ نگار اور ٹی وی کی ایک مقبول شخصیت ہیں جو افغان گلوکاری کے علاوہ پاپ اور ہپ ہاپ گانے گاتی ہیں۔ وہ مقامی طلوع ٹی وی پر نشر ہونے والے گلوکاری کے ٹیلنٹ شو کی جج بھی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں