لاہور: نامور موسیقار وجاہت عطرے کو ایک ہفتہ قبل دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہ پائی اور وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
لازوال فلمی گیتوں کے موسیقار وجاہت عطرے کا شمار فلم انڈسٹری کے ان چند موسیقاروں میں ہوتا تھا جن کے سپرہٹ نغمات کی تعداد 3000 سے زیادہ ہے۔
موسیقار وجاہت عطرے نے دو سو سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی اور انہیں یہ اعزاز بھی حاصل رہا کہ ان کے ترتیب دئیے ہوئے گانے ہر گلوکار نے گائے جن میں ملکہ ترنم نور جہاں کا نام سر فہرست ہے۔
1981 میں عیدالفظر پر ریلیز ہونے والی ان کی فلموں نے سابقہ تمام ریکارڈز کو توڑ دیا جن میں سالا صاحب، شیر خان اور چن وریام کے نام شامل ہیں۔ وجاہت عطرے نے فلم’’محبتاں سچیاں‘‘ کی موسیقی بھی ترتیب دی جسے عوام نے بہت پسند کیا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیابیوں کے ریکارڈ توڑنے والی ان کی فلم’’عشق خدا‘‘ کے گانوں کو بھی بہت پذیرائی ملی ہے۔ وجاہت عطرے کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جبکہ اس کے علاوہ وہ کئی ایوارڈز حاصل کر چکے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں