ہوسٹن: امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے۔ انتہاء پسندوں اور دہشتگردوں نے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان نےانتہاء پسندی اور دہشتگردی کا ڈٹ کر کامیابی سے خاتمہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشتگردی کا کامیابی سے خاتمہ کیا ہے۔ پاکستان کی سیکورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے پاکستان کی معیشت روز بروز ترقی کر رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا اچھا موقع ہے۔سانحہ مانچسٹر جیسے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کا صفایا اور عالمی دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ امریکہ کو افغانستان میں استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ مستحکم افغانستان وقت کی ضرورت ہے جو خطے میں امن اور ترقی کے لئے ضروری ہے۔ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کو ترجیح دیتا اور بھارت سے بھی معنی خیز مذاکرات چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلم ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا اور پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرامید ہے۔
واضح رہے پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور اس وقت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی آ چکی ہے۔ ضرب عضب کے دوران پاک فوج کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں