الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، قومی اسمبلی کے 10 سابق ارکان، سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 7،7 سابق ممبران نا اہل

04:29 PM, 26 Mar, 2025

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے کے کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی کے 10 سابق ارکان، سندھ اسمبلی کے 7 اور بلوچستان اسمبلی کے 7 سابق ممبران کو نا اہل قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ ارکان مالی سال 2022-2023 کے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے کے باعث نا اہل ہوئے ہیں۔ ان ارکان پر اب تک کسی بھی قسم کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جب تک وہ اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرتے۔

الیکشن کمیشن نے سابق ارکان میں قومی اسمبلی کے خرم دستگیر، محسن نواز رانجھا اور محمد عادل کے علاوہ سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے کئی سابق ارکان کو بھی نا اہل قرار دیا ہے۔ ان میں سندھ اسمبلی کے عدیل احمد، حزب اللہ بھگیو، ارسلان تاج حسین، عارف مصطفیٰ جتوئی اور بلوچستان اسمبلی کے میر سکندر علی، میر محمد اکبر، عبدالرشید اور دیگر شامل ہیں۔

مزیدخبریں