لاہور : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 اور 27 مارچ کو آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کی وجہ سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا خطرہ ہے۔
اس دوران مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
آج اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کچھ مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کی توقع ہے، جس کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
جنوبی اضلاع میں کچھ مقامات پر ژالہ باری جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانے سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، پشین، لورالائی، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہے گا اور دوپہر کے بعد جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔