حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی: دفتر خارجہ

07:51 PM, 26 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشام کے قریب دہشت گرد حملے میں 5 چینی اور ایک پاکستانی شہری نشانہ بنے، حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے، اس طرح کی گھناؤنی کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کارروائی کر کے انہیں شکست دیں گے، پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حملے میں مارنے جانے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں چینی شہریوں کے جان ومال کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کیلئے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں