اسلام آباد :سائبر حملوں کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ٹیم سائبر حملوں کی روک تھام سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی۔وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے سائبر حملوں کی روک تھام سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے قومی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سرٹ) تشکیل دے دی ہے، جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
پیکا ایکٹ اور سرٹ رولز کے مطابق قومی رسپانس ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور سائبر سکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ کو
نیشنل سرٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سکیورٹی بورڈ گزشتہ کئی سال سے پی ایس ڈی پی کا منصوبہ چلا رہی تھی، تاہم نیشنل سرٹ کے لیے ماہر ورک فورس پہلے سے ہی ہائر کی جاچکی ہے۔ اس کے لیے ضروری سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی خریداری پہلے ہی کی جاچکی ہے، جبکہ الگ سے ویب سائٹ بھی لانچ کی جاچکی ہے۔ یہ ڈیجیٹل اثاثوں، حساس معلوت، اہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کرے گی اور سائبر حملوں کا پتا لگانے، ان کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرے گی۔