فیصل آباد: ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ہمیں کوئی ادھار نہیں دینا ہے۔ پیپلز پارٹی کو آئینی عہدے اتحادی حکومت سے تعاون کیلئے دیئے ہیں،پیپلز پارٹی کا رویہ وہی رہے گا جو شروعات میں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ارسا کے چیئرمین پر پیپلز پارٹی کا رویہ سامنے ہے، ہر بات پر اپنا موقف بھی ہوگا اور اچھا بننے کی کوشش بھی ہوگی، اتحادیوں سے اسی قسم کارویہ رکھنے کا تاثر آرہا ہے، ہماری کوشش ہوگی معاملات اچھی طرح آگے بڑھیں، شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو شکایت پر اکاموڈیٹ کیا، پیپلز پارٹی کو میڈیا پر احتجاج کرنے سے پہلے ہم سے بات کرنی چاہئے تھی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلے کا نشان لینے اور مقدمات بننے سے پی ٹی آئی کو بڑی ہمدردی ملی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اوریوٹیلٹی بلوں میں اضافے کی ناراضی تحریک انصاف کے کام آئی، پی ٹی آئی عجیب قسم کے نمونے منتخب کر کے اسمبلیوں میں لے آئی ہے، یہ عجیب نمونے ہی پی ٹی آئی کو ملیامیٹ کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت نے آدھے منٹ کی گفتگو میں پی ٹی آئی کے چالیس لو گ توڑ دیئے ، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کو کسی نے نہیں توڑا، شیر افضل مروت کے بیان سے کچھ نہ کچھ ضرور ہوجائے گا۔