پاکستان کا غزہ جنگ بندی قرارداد کا خیر مقدم، جلدعملدرآمد کا مطالبہ

10:12 AM, 26 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتےہوئے اس پر فوری عمل کا مطالبہ کیا ہے.

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنائے، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے، غزہ میں اسرائیل نے ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کونشانہ بنایا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا  کہ اس قرارداد میں رمضان المبارک کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ ہے، قرارداد میں غزہ میں شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد بڑھانے اور اسے تقویت دینے پر زور ہے۔

 
منیر اکرم کا کہنا ہے کہ اس قرارداد کو غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ مہم کو روکنے کے لیے پہلا قدم قرار دیتے ہیں، پاکستان فلسطین کو محفوظ اور خود مختار ریاست بنانے کے لیے فعال طورپر کام کرتا رہے گا۔ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کے لیے بھی کام کرتا رہے گا.

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک ایسی فلسطینی ریاست جو جون 1967ء سے پیشگی سرحدوں پر قائم ہو، ایک ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزیدخبریں