شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں عماد وسیم کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت افغانستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا ہے۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ عماد وسیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور شاداب خان نے 32 رنز بنائے جبکہ محمد حارث 15 اور طیب طاہر 13 رنز بنا سکے۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان، محمد نواز، عماد وسیم، نسیم شاہ، زمان خان اور احسان اللہ شامل ہیں۔
افغانستان کی قیادت راشد خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، عثمان غنی، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمن، فضل حق فاروقی اور نوین الحق شامل ہیں۔
دوسرا ٹی 20، پاکستان کا افغانستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف
10:50 PM, 26 Mar, 2023