اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد جلسے سے قبل اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ تیاری پکڑو چوہوں، اب ٹانگیں نہ کانپیں۔‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کراچی اور گلگت بلتستان سے قافلے تاریخی امر بالمعروف جلسے میں شرکت کیلئے رواں دواں ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گلگت بلتستان سے 20 کلومیٹر لمبا جلوس جلسے میں شرکت کیلئے آرہا ہے ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ جلسے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کی سینئر قیادت کو گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اہم ٹاسک سونپے ہیں، پارٹی کارکنان کو جلسہ کا وقت 3 بجے کا دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 27 مار چ کو ہونے والے جلسے کیلئے پارٹی کی سینئر قیادت اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کرے گی ۔ حماد اظہر لاہور سے پرویز خٹک پشاور سے ریلی کی قیادت کریں گے،شیخ رشید اور عامر کیانی راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کریں گے۔جبکہ فواد چوہدری جہلم اور مراد سعید سوات سے ریلی کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے،فرخ حبیب فیصل آباد سے علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔