قاہرہ ، مصر میں ٹرین حادثے میں 35 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ۔ حادثہ دوٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے ہوا جس کو ملکی تاریخ کا خوفناک تصادم قرار دیا جارہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی صوبے تھاتا میں مخالف سمت سے آنے والی دوٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں ۔ جس سے 35 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ۔ جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہیں ۔
ٹرین حادثے کے متعلق عالمی ذرائع ابلاغ نےبتایا کہ دارالحکومت قاہرہ سے 460 کلومیٹر دور واقع علاقے میں مخالفت سمت سے آنے والی مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
مصری وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ پیش آنے والے حادثے کے باعث دونوں ٹرینوں کے کئی ڈبے مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اب تک حکومتی سطح پر35 مسافروں کے جاں بحق اور 108 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بھی بتائی گئی ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریلوے حکام نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے ٹرین کا ہنگامی بریک کھینچا تھا جس کی وجہ سے سامنے سے آنے والی ریل گاڑی ٹکراگئی اور افسوسناک سانحہ پیش آگیا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کے حکام کا کہنا ہے کہ افسوسناک سانحے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ذمہ داران کا تعین کرے گی۔