دلہا دلہن دعوت ولیمہ میں اپنا بیٹا بھی لے آئے

دلہا دلہن دعوت ولیمہ میں اپنا بیٹا بھی لے آئے

لاہور، حافظ آباد کے جوڑے کی شادی کی خبر ان دنوں زبان زدعام ہے ۔اس شادی کی خصوصیت یہ تھی کہ دلہا دلہن کی دعوت ولیمہ میں ان کا بیٹا بھی شامل تھا ۔  25 سالہ ریان شیخ اور 23 سالہ انمول جب اپنی دعوت ولیمہ میں آئے تو ان کے ساتھ دو ماہ کا ان کا بچہ بھی تھا ۔ اس موقع پر اتاری گئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کی ۔ 

ہوا کچھ یوں کہ ریان شیخ اور انمول کی شادی پچھلے سال 13 مارچ کو ہوئی تھی ان کے نکاح کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے اگلے روز یعنی 14 مارچ کو دعوت ولیمہ ہونی تھی  لیکن کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے دعوت ولیمہ کا انعقاد نہ ہوسکا ۔ 

ریان شیخ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث شادی اوردیگر تقریبات پر پابندی لگ گئی ۔کورونا کی وجہ سے رمضان اور پھر عید بھی پابندیوں کی نذر ہوئی اورہماری شادی کی تقریبات بھی ملتوی ہوگئیں ۔ 

 ریان شیخ کے مطابق   سعودی عرب اور دیگر ملکوں میں ان کے کئی رشتہ داروں نے ہماری دعوت ولیمہ میں شرکت کرنی تھی ان سے مشاورت کے بعد ہم نےدعوت ولیمہ کو بہترانداز میں منانے کے لئے بعد میں تاریخ فائنل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب شادی کی تقریبات پر سے پابندی ختم ہوئی اور حالات نارمل ہوئے تو ان کی اہلیہ زچگی کی وجہ سے دعوت ولیمہ میں شرکت کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھیں ۔ ہم سنت نبوی کے مطابق دعوت ولیمہ کرنا چاہ رہے تھے ۔پھر ہم نے فیصلہ کیا ہم دعوت ولیمہ ڈلیوری کے بعد کر یں گے ۔ 

19 جنوری 2021 کو اللہ نے ہمیں بیٹے کی نعمت سے نوازا ۔اور پھر فیملی نے یوم پاکستان کی قرارداد کی منظوری والے دن یعنی 23 مارچ کو دعوت ولیمہ کا وقت مقرر کیا تاکہ اس میں فیملی کے سب لوگ چھٹی کی وجہ سے باآسانی شرکت کرسکیں ۔ 

کیونکہ ہمارا شادی ہال اپنا ہے تو اس روز ہم نے اپنے ہال میں اپنی دعوت ولیمہ رکھی ۔پھر ہم دونوں میاں بیوی نے فیصلہ کیا دعوت ولیمہ کے موقع پر ہم اپنے بیٹے کے ساتھ ہال میں داخل ہوں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ دعوت ولیمہ کی تصاویر جب سوشل میڈیا پر میں نے وائرل دیکھیں تو حیرانی بھی ہوئی اور خوشی بھی ۔ سوشل میڈیا پر زیادہ تر لوگوں کی طرف سے اچھا رسپونس ہی ملا ہے ۔ 

ریان کی اہلیہ انمول کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر کا وائرل ہونا اچھا لگا ہے ۔ کچھ لوگوں نے اس پر اچھا رسپونس نہیں کیا لیکن میںٰ سمجھتی ہوں کہ ایسا ہوتا ہے ۔  
"