کراچی ، متعدد یادگار ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سکینہ سموں گلوکار علی ظفر اور ریشم کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دینے پر پھٹ پڑیں۔
سینئر اداکارہ سکینہ سموں نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس مقام تک پہنچنے میں 40 سال کا عرصہ لگا، افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے علی ظفر اور ریشم جیسے لوگوں کو اتنے بڑے اعزاز سے نوازا جو میرے خیال میں واقعی اس کے مستحق نہیں۔
سکینہ سموں کا کہنا تھا کہ اگر خواتین نے ملک کی خدمت کی ہے تو انہیں سراہنے سے حکومت کو کوئی نہیں روک سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا انتخاب تیزی سے سادہ اور آسان ہوگیا ہےجس کے نتیجے میں متعدد ایسی شخصیات جو اپنا تمام تر کیرئیر وقف کرچکی ہیں انہیں نظر انداز کرکے کم تجربہ کار لوگوں کو نوازا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ یوم پاکستان 23 مارچ کے روز گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو سول اور صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔
یاد رہے کہ فن اداکاری کے شعبے میں سکینہ سموں سمیت نعمت سرحدی، محمد علی شہکی، ریشم، ہمایوں سعید، علی ظفر، حنا نصراللہ، سرمد صہبائی اور اندو مریم مٹھا کو پرائڈآف پرفارمنس سے نوازا گیا ہے ۔