پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نئی نوعیت کے ٹیکٹیکل گائیڈڈ پروجیکٹائل بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربے کئے ہیں جو ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے عائد پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مشرقی ساحل سے 600 کلومیٹر کے فاصلے پر نئے ٹیکٹیکل گائیڈڈ پروجیکٹائل میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں ایک تصویر میں دکھائی گئی ہے جس میں میزائل کے ہدف کو نشانہ بنانے پر فوجی سربراہان کو تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ میزائل ڈھائی ٹن وزن اٹھانے کے قابل ہے جبکہ امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے میزائل تجربے کو جارحیت قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جوبائیڈن کے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے ایک سال میں ملک کا پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ ہے اور یہ بات بھی اہم ہے کہ اس میزائل تجربے کے وقت شمالی کوریا کے رہنماءکم جونگ ان موجود نہیں تھے۔