نئی دہلی، ممبئی میں کورونا کے مریضوں کے لئے قائم ہسپتال میں آگ لگ گئی، 10 افراد ہلاک جبکہ متعددمریض جھلس گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں مال کے اندر بنائے گئے کووڈ سینٹر میں اچانک آگ لگ گئی ۔ ہسپتال سے ستر سے زائد مریضوں کو نکال لیا گیا تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بنائے گئے وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے ہرطرف دھواں پھیل گیا ۔ ڈاکٹروں اور نرسوں نے مل کر متعدد مریضوں کو وارڈ سے باہر نکالا ۔
کورونا ہسپتال میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردی گئیں ۔ جس وقت آگ لگی اس وقت کووڈ سینٹر میں 80 مریض موجود تھے جن میں سے ستر کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مال کے نچلے حصے میں قائم دکان میں آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہے اور ایک لاکھ 60 ہزار 983 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔