تین ہفتے قبل لاپتا ہونے والی امریکی خاتون زندہ سلامت گٹر سے برآمد

02:47 PM, 26 Mar, 2021

ٹالاہاسی: امریکی ریاست  فلوریڈا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں تین ہفتے قبل لاپتا ہونے والی خاتون کو امدادی کارکنوں نے زندہ سلامت ایک گٹر سے نکال لیا ہے۔ یہ خاتون اتنی دیر اس گٹر میں صرف سافٹ ڈرنک پی کر  زندہ رہی، یہ بوتل اسے گٹر سے ہی ملی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر ٹالاہاسی کی رہائشی اس خاتون کا نام لینڈسی کینیڈی ہے، جو تقریباً تین ہفتے قبل لاپتا ہو ئی تھی۔ خاتون کے بوائے فرینڈ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ تھانے میں درج کرائی تھی، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود یہ معمہ حل نہیں ہو رہا تھا کہ اس خاتون کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا ہے۔

 خبریں ہیں کہ مقامی لوگوں نے سڑک پر بنے گٹر سے کسی خاتون کے چیخنے چلانے اور مدد کیلئے پکارنے کی آوازیں سنیں تو فوری طور پر انہوں نے امدادی ٹیموں اور پولیس کو آگاہ کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، کارکنوں نے گٹر کا ڈھکنا ہٹایا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک برہنہ خاتون زخمی حالت میں وہاں موجود ہے۔

امدادی کارکنوں نے احتیاط سے رسیاں باندھ کر خاتون کو گٹر سے باہر نکالا اور موقع پر طبی امداد دینے کے بعد اسے فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جا ری ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کو جب علاج کیلئے لایا گیا تو وہ بالکل برہنہ حالت میں تھی اور اس کے جسم پر جگہ جگہ زخموں کے نشانات تھے جن سے خون بہہ رہا تھا جبکہ اس کے گھٹنے زخموں سے بری طرح متاثر تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کا تین ہفتوں کے بعد گٹر سے زندہ سلامت نکلنا معجزہ تو ہے لیکن یہ واقعہ خوفناک بھی ہے کہ وہ اتنی دیر  وہ وہاں کیسے زندہ رہی اور اسے وہاں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یہ سوچ کر ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں لینڈسی کینیڈی نے بتایا ہے کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ کے گھر کے قریب ایک نہر میں نہا رہی تھی جہاں بارشوں کا ذخیرہ پانی پھینکنے کیلئے بنائے گئے ایک ٹنل میں وہ پھنس گئی۔

خاتون نے بتایا کہ اسے ٹنل سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں مل رہا تھا، وہ اس کے اندر ہی چلتی رہی اور بالاخر وہاں تک پہنچ گئی جہاں امدادی ٹیموں نے بھرپور کوشش کے بعد اسے باہر نکالا۔

پولیس نے خاتون لینڈسی کینیڈی سے پوچھا کہ یہ معمہ حل کریں کہ وہ تین ہفتوں تک کس طرح زندہ رہیں اور ان کیساتھ کس قسم کے حالات پیش آئے، اس کا جواب دیتے ہوئے اس نے کہا کہ ٹنل کے اندر اسے سافٹ ڈرنگ کی ایک بوتل مل گئی تھی جسے تھوڑا تھوڑا پی کر اس نے زندہ رہنے کی کوشش کی اور اپنی بھوک کو مٹایا۔

 بشکریہ: نئی بات

مزیدخبریں