پی ڈی ایم کا کوئی وجود نہیں، پیپلز پارٹی ذاتی مفادات کیلئے کارڈز کھیل رہی ہے: شبلی فراز

02:20 PM, 26 Mar, 2021

اسلام آباد: سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی  ذاتی مفادات کیلئے کارڈز کھیل رہی ہے۔  پی ڈی ایم  پہلے ہی مرحومین میں شامل تھی .پی ڈی ایم کا اب کوئی وجود نہیں  ۔

پی پی کی طرف سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے درخواست دینے پر انہوں نے کہا کہ انا، ضد اور نفرتوں کی سیاست کریں گے تو لوگ آپ سے علیحدہ ہونا شروع ہوجائیں گے۔  ن لیگ نے   کسی کو عزت دی اور نہ ہی مشاورت کی ایسی صورتحال میں ن کے حصے میں رسوائی ہی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ   اپوزیشن لیڈر کے معاملے پرپی ڈی ایم اتحاد سے پیپلز پارٹی نے کوئی مشاورت نہیں  کی یہ اتحاد  نہیں بلکہ انفرادی فیصلے ہیں ۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے  سینیٹ  میں یوسف رضا گیلانی کو  اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے درخواست جمع کرادی ۔درخواست شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ میں  جمع کرائی ہے۔

 پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ  30  سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی ہے ۔پیپلزپارٹی سینیٹ میں نشستوں کے حساب سے دوسری اور مسلم لیگ ن تیسری بڑی جماعت ہے ۔

پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق پیپلزپارٹی کو چیئرمین سینیٹ  اور مسلم لیگ ن کو اپوزیشن لیڈر کی نشست دی گئی تھی  لیکن  چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہارنے کے بعد  پیپلزپارٹی   چاہتی ہے، قائد حزب اختلاف اس کا بنایا جائے  جسے پی ڈی ایم ماننے کو تیارنہیں  اور آج یہ نئی پیشرفت سامنے  آئی ہے ۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے گزشتہ دنوں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں یہ طے ہوا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا ۔ اور انشاءاللہ ن لیگ کا ہی ہوگا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی اس معاملے پر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری کو فون کیا تھا ۔اور مطالبہ کیا تھا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمن کے فون کے باوجود پیپلز پارٹی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ میں اپنی درخواست جمع کرادی ہے۔ ن لیگ سینیٹ میں اعظم نذیر تارڑ کو اپوزیشن لیڈر بنانا چاہتی ہے۔

مزیدخبریں