کئی ماہ سے جیل میں ہوں،ضمانت دی جائے: شہباز شریف کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

کئی ماہ سے جیل میں ہوں،ضمانت دی جائے: شہباز شریف کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
کیپشن: کئی ماہ سے جیل میں ہوں،ضمانت دی جائے: شہباز شریف کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
سورس: file

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔

نیونیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے وکیل امجد پرویز کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی ۔ درخواست میں نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست پر سماعت 29 مارچ کو ہوگی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر ہو چکا ہے ٹرائل جاری ہے ۔کئی ماہ سے جیل میں قید ہوں ۔ تمام ریکارڈ نیب کے پاس ہے نیب نے کوئی ریکوری نہیں کرنی ۔ ٹرائل باقاعدگی سے جوائن کرتا رہوں گا عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں احاطہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

قبل ازیں احتساب عدالت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت  ہوئی۔ عدالت نے شہبازشریف کے مزید یکم اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس پر سماعت کیعدالت میں مزید دو گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی ۔آئندہ سماعت پر مزید ایک گواہ کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا گیا۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ  شریف فیملی سمیت دیگر پر 7 ارب 32 کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد ہے۔شہباز شریف پر 5 ارب سے زائد منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر 1 ایک ارب تک کے اثاثے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام ہے۔