سوات :پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے سوات پہنچ گئی ۔سیدو شریف ایئرپورٹ پر 17 سال بعد فلائٹ آپریشن بحال ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیرہوابازی غلام سرور اور وزیر مواصلات مراد سعید بھی فلائٹ میں موجود تھے۔
نیو نیوز کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 650 نے گیارہ بجے سوات ایئرپورٹ پر لینڈکیا۔واپسی شام 5 بجے ہوگی۔ اسلام آباد سے سوات تک کا کرایہ 6200 روپے جبکہ لاہور سے سوات کا کرایہ 7800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔سیدو شریف کے لیے پی آئی اے چھوٹے مسافر طیارے اے ٹی آر استعمال کر رہا ہے۔
ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لیے ہفتے میں 2 دن پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سوات کی فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنےوالی فلائٹس کے ساتھ کنکٹ ہوں گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے شمالی علاقہ جات کے ہوائی اڈوں کو فعال کر کے فضائی سروس شروع کی جا رہی ہیں تاکہ ان علاقوں میں سیاحت کو مزید بڑھایا جا سکے۔
سوات کا سیدو شریف ایئر پورٹ اس سلسلے کا چوتھا ائیرپورٹ ہے۔ اس سے پہلے سکردو، گلگت اور چترال کے ہوائی اڈوں کو فضائی سروس کے لیے بحال کیا گیا ہے۔
سوات اور قریبی علاقوں میں شدت پسندی اور پھر ان علاقوں میں فوجی آپریشنز کی وجہ سے سیدو شریف ایئر پورٹ کو سنہ 2004 میں بند کر دیا گیا تھا۔ اب حالات میں بہتری اور امن کا قیام ممکن ہونے کے بعد خطے میں تجارتی اور سیاحتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حکومت اب ملک میں سیاحت کے فروغ اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور سوات کے لیے فضائی سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔