اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد میں مضاربہ اسکینڈل کی سماعت کے دوران کورونا کا شکار گواہ عدالت میں پیش ہونے پر کھلبلی مچ گئی ۔
نیونیوز کے مطابق مضاربہ سکینڈل کی سماعت شروع ہوئی تو نیب نے گواہ امیر حیدر ملک کو پیش کیا۔ گواہ نے کہامجھے کورونا ہے جلدی میرا بیان ریکارڈ کریں ۔
متاثرہ گواہ کے بتانے پر عدالت میں دوڑیں لگ گئیں ۔احتساب عدالت نمبر دو کو فوری خالی کر دیا گیا ۔ جج اعظم خان سمیت وکلا کمرہ عدالت سے نکل گئے ۔کورونا سے بچاو کیلئے کمرہ عدالت میں ہنگامی بنیادوں پر سپرے کیا گیا ۔گواہ کو فوری طور واپس بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی ہے۔ آج کیسز 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 63 افراد انتقال گئے ۔ 4368 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح 10.2 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 63 افراد انتقال کر گئے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہزار91ہوگئی۔
24 گھنٹوں کےدوران کورونا کے4368 کیسز رپورٹ ہوئے ۔کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6لاکھ45ہزار356 ہوگئی۔2170 افراد صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 91 ہزار 145 ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 120 تک پہنچ گئی ہے۔ ۔جن میں 2 ہزار 7 سو 58 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے 171 گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس صوبہ سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 64 ہزار 062 مریض ہیں جن میں سے 2 لاکھ 55 ہزار صحت یاب ہوچکے ہیں اور 4 ہزار 177 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 4 ہزار 486 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 7 ہزار 765 مریض ہیں جن میں سے 1 لاکھ 81 ہزار 335 افراد صحت یاب ہوچکےہیں، 20 ہزار 272 ایکٹو کیس ہیں اور پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6,143 ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں 82 ہزار سے زائد مریض ہیں جن میں سے 73 ہزار صحت یاب ہوچکے اور 7 ہزار ایکٹو کیسز ہیں جبکہ 2 ہزار 260 افراد جاں جاں بحق ہوئے۔ صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 427 کیسز سامنے آچکے جن میں سے 19 ہزار صحت یاب ہو چکے، 219 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 205 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں 5 ہزار مریض سامنے آئے جن میں سے 4 ہزار 858 صحت یاب ہوئے جبکہ 103 افراد جان سے گئے اور صرف 22 ایکٹو کیسز ہیں۔
وفاقی دار الحکومت میں کورونا کے 54 ہزار 347 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 46 ہزار 478 مریض صحت یاب ہوچکے۔ 7 ہزار 314 مریض زیر علاج ہیں، 555 افراد جاں بحق ہوچکے۔ آزاد کشمیر میں 12ہزار کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے ساڑھے 10 ہزار صحت یاب ہوگئے، 1200 ایکٹو کیس ہیں اور 340 افراد جان سے جا چکے ہیں۔