اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کیمرج امتحانات اب 15 مئی کے بعد ہونگے، کیمرج اگزامینیشن نے امتحانات کو ری شیڈول کرنے کیلئے حکومت کیساتھ اتفاق کر لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شفقت محمود نے لکھا کہ تفصیلی گفتگو کے بعد کیمرج نے اس کی رضامندی ظاہر کر دی ہے کہ پاکستان میں او لیول کے امتحانات 15 مئی کے بعد کروائے جا سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس حوالے سے تفصیلی معلومات کو بعد میں شیئر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم 'اے' اور 'اے ایس' لیول کے امتحانات تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے۔ میں تمام طلبہ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تعلیمی
اداروں میں چھٹیوں کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان کر دیا تھا۔
این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں شفقت محمود نے کہا تھا کہ جن اضلاع میں کورونا کے کیسز زیادہ ہیں، وہاں قائم تمام سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کی بندش برقرار رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم اگر دیگر علاقوں میں بھی عالمی وبا کے کیسوں میں دیکھنے میں آیا تو یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہاں پر فوری طور پر تعلیمی اداروں کو بند کر دیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم چیز بچوں کی صحت ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں عالمی وبا کے کیسوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ برطانیہ سے آنے والے کورونا وائرس کی یہ تیسری قسم پاکستان میں اپنے قدم جما چکی ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو اس کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہو جائے گا۔