لندن: کورونا کی ویکسین ، ویکسین پاسپورٹ اور جعلی نیگیٹو ٹیسٹ پیپرز کی ڈارک نیٹ پر فروخت شروع ہوگئی ہے ۔اسٹرا زینیکا ،اسپٹنک ،سائنوفارم یا جانسن اور جانسن کی ویکسین کی فی خوراک کی قیمت 500 سے750 ڈالر وصول کی جارہی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نامعلوم تاجر ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکٹ 150 ڈالر میں فروخت کررہے ہیں ۔ریسرچرز کا کہناہے کہ انھوں نے ویکسین کے بارے میں ڈارک نیٹ کے اشتہارات میں تیزی سے اضافہ نوٹ کیا ہے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہم اس بات کی تصدیق نہیں کرسکے کہ ویکسین اصلی ہے یا نقلی ۔ ڈارک نیٹ جو ڈارک ویب کے نام سے مشہور ہے وہ بھی انٹرنیٹ کا ایک حصہ ہے جو برائوزرز کے مخصوص آلات سے ہی کھلتا ہے۔
سائبر سیکورٹی کمپنی کے چیک پوائنٹ پر ریسرچرز جنوری سے ہیکنگ کے فورمز اور دیگر مارکیٹ کے مقامات کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جب پہلی مرتبہ ویکسین کے اشتہارات آنا شروع ہوئے ۔
ریسرچرز کا کہناہے کہ مشتہرین کی تعداد تین گنا سے زیادہ ہوچکی ہے اور اس وقت امریکا،برطانیہ ،اسپین ،جرمنی اور روس کے 1,200 سے زیادہ فروخت کنندگان ویکسین فروخت کررہے ہیں۔
ٹیم نے متعدد اشتہارات روسی اور انگریزی زبان میں دیکھے،اسٹرا زینیکا کی ویکسین 500 جانسن اور جانسن اور اسپٹنک کی 600 اور سائنو فارم کی ویکسین 750 ڈالر میں فروخت کی جارہی ہے ایک فروخت کنندہ دوسرے ہی دن ڈلیوری کی پیشکش کررہا ہے ۔
اشتہار میں لکھاہے کہ رات کے رات ایمرجنسی ڈلیوری کیلئے ہمیں میسیج کردیں ،ایک دوسرے اشتہار میں جعلی منفی ٹیسٹ کی پیشکش کی گئی ہے اشتہارات میں لکھا گیا ہے کہ ہم ملازمت وغیرہ کی خاطر بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے منفی ٹیسٹ کرتے ہیں ۔
چیک پوائنٹ کے تفتیش کاروں کے مطابق فروخت کنندگا ن جعلی ڈاکومنٹس جن میں ایک برطانیہ کا معلوم ہوتا ہے ویکسی نیشن کارڈ کے ساتھ 150 ڈالر میں فراہم کرنے کی پیشکش کررہاہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس کو جعلی ثابت کرنا بہت مشکل ہے ۔
جعلی ویکسی نیشن کارڈ کیلئے رقم کرپٹو کرنسی یا بٹ کوائن میں طلب کی جارہی ہے۔ٹیم کے ارکان نے بتایا کہ جب انھوں نے فروخت کنندگا ن سے رابطہ قائم کیا تو ان سے کہاگیا کہ وہ بس اپنا نام اور جعلی ویکسین جب درکار ہو وہ تاریخ بتادیں ،اس کے بعد فروخت کنندہ نے میسیج کیا کہ آپ پریشان نہ ہوں یہ ہمارا کام ہے ہم نے بہت سے لوگوں کو یہ فراہم کی ہے اور سب ٹھیک ہیں۔
پروڈکٹ ولنرابیلیٹیز ریسرچ کے سربراہ اوڈیڈ وانونو نے کہا ہے کہ لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ غیر سرکاری ذرائع سے ویکسین ،ویکسین کرانے کاکارڈ یا کورونا کے منفی نتیجے کے کارڈ انتہائی خطرناک ہیں کیونکہ ہیکرز کو آپ کی رقم معلومات اور شناخت کی ضرورت ہے تاکہ وہ آپ کااستحصال کرسکیں۔
وانونو نے بی بی سی کوبتایا کہ ان کی ٹیم اپنی ریسرچ کے حوالے سے سائنوفام کی ایک خوراک 750 ڈالر میں خریدی ہے لیکن وہ ابھی تک انھیں ملی نہیں ۔
ان کی ٹیم نے بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فروخت کنندہ جعلساز ہے ،چیک پوائنٹ نے مختلف ممالک پر زور دیاہے کہ وہ جعلسازی کو مشکل بنانے کیلئے ویکسین کی تمام ڈاکومنٹیشن پرکیو آر کوڈ استعمال کریں۔