پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا پر جوہانسبرگ روانہ

09:46 AM, 26 Mar, 2021

لاہور: بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم لاہور سے چارٹرڈ فلائٹ پر جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ روانہ  ہوگئی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق جوہانسبرگ جانے والے  اسکواڈ کے 34 اراکین میں 21 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں جب کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سعود شکیل جو ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا سیریز سے باہر ہوگئے تھے  ان کی جگہ آصف علی کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

 واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ میچز 4،2 اور 7 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے کے بعد چار ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز ہو گی اور یہ میچز 14,12,10  اور 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے ۔

دورہ جنوبی افریقا مکمل ہونے کے بعد قومی ٹیم جوہانسبرگ سے زمبابوے کے دار الحکومت  ہرارے کا سفر کرے گی۔ زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ میں جگہ بنانے والے باقی کھلاڑی 12 اپریل کو وہاں جائیں گے۔ 

ون ڈے سکواڈ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کے اعلان کے مطابق قومی ون ڈے سکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں  شاداب خان، عبد اللہ شفیق، دانش عزیز، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، آصف علی، شاہین آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سکواڈ

قومی ٹی 20 سکواڈ کی قیادت بھی بابراعظم ہی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، ارشد اقبال، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد وسیم جونئیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شرجیل خان، عثمان قادر اور محمد نواز شامل ہیں۔ 

 ٹیسٹ سکواڈ

قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلنی ہے جس کیلئے بابراعظم ہی پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، عمران بٹ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، تابش خان، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں۔

مزیدخبریں