ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1102 ہو گئی

01:55 PM, 26 Mar, 2020

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 102 ہوگئی۔ سندھ 417، پنجاب 323، بلوچستان 131، خیبر پختونخوا 121، اسلام آباد 5، آزاد کشمیر 1، گلگت بلتستان میں متاثرین 84 ہوگئے۔

پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے باعث 8 افراد جاں بحق، 21 افراد صحت یاب جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 80 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 323 ہو گئی جن میں 176 زائرین بھی شامل ہیں۔ گجرات میں 21، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راولپنڈی 4، ملتان میں 4، فیصل آباد میں 2، منڈی بہاوالدین، نارووال، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 لاہور میں کورونا کے 15 نئے مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں 45 جبکہ نجی ہسپتالوں میں 32 مریض زیر علاج ہیں۔ لاہور میو ہسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں 29، پی کے ایل آئی میں 15، سروسز میں 1 مریض داخل کیا گیا ہے۔

سندھ میں کرونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی مریضوں کی تعداد 417 ہوگئی۔ دوسری جانب شہرقائد مکمل طور پر بند ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم شاہراوں پر ناکہ بندی سخت کر دی، پولیس حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی۔

شہر بھر میں چھوٹے بڑے بازار، مارکیٹس، تعلیمی ادارے، دکانیں بند ہیں، تمام کریانہ سٹورز بھی رات 8 بجے سے صح 8 بجے تک بند ہے، ضرورت کے تحت نکلنے والے شہری سڑکوں پر نظر آئے۔ پولیس کی جانب سے یومیہ اجرت پر کام کرنیوالوں کے ساتھ نرمی برتی جا رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات سخت کر دیئے گئے، کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے نواحی علاقے بارہ کہو کو مکمل سیل کر دیا۔ پولیس اور فوج کے جوان تعینات کر کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، بارہ کہو میں مکینوں کی مکمل سکریننگ کی جائے گی۔

 اسلام آباد میں ‫لاہور تبلیغی جماعت سے آئے ایک اور شخص میں کرونا کی تصدیق ہوگئی۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ ‫تبلیغی جماعت کے 16 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے، متاثرہ شخص کا تعلق شہزاد ٹاؤن سے ہے، علاقہ سیل کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر معطل ہے، جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 10 اور شام ساڑھے 3 سے ساڑھے 5 بجے تک آپریشنل رہے گی، مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 121 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوچکی ہے، مردان منگا میں لیے گئے 43 نمونوں میں 39 کے رزلٹ پازیٹیو آئے، ڈی آئی خان قرنطینہ سنٹر سے 2 مثبت کیس آئے ہیں، صوابی اور سوات میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا اب تک 159 افراد کے تجزیئے منفی آئے ہیں، 317 افراد کے نتائج ابھی آنے ہیں، صوبہ بھر میں کورونا مشتبہ کیسز کی تعداد 694 ہے، صوبہ میں اب تک 3 اموات ہوچکی ہیں، پولیس سروسز ہسپتال پشاور میں کورونا کے دو افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو بھیجے جاچکے ہیں، مزید لوگ بھی ریکوری کی جانب جا رہے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کل غریب طبقے کےلیے پیکیج کا اعلان کریں گے، ایک ہفتے میں دو ہزار ڈاکٹروں کی تعیناتیاں بھی کر دی جائیں گی، صوبہ بھر میں 176 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں 4 ہزار 400 افراد کی گنجائش ہے، مجموعی طور پر 422 افراد قرنطینہ میں ہیں۔

حکومت بلوچستان نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے کوئٹہ کو ملک اور صوبے کے تمام اضلاع سے منقطع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کوئٹہ سے کوئی باہر جائے نہ کوئٹہ آئے، لاک ڈاون کے دوران ہزارہ ٹاون اور مری آباد کو بھی مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں علاقوں بڑی تعداد میں زائرین موجود ہیں، دونوں علاقوں کو بند کر کے سکریننگ کا عمل شروع کیا جائے گا، شہر کے 8 مقامات کو فوری طور پر مکمل لاک ڈاون کیا جائے گا۔

مزیدخبریں