لورالائی: آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

12:30 PM, 26 Mar, 2019

کوئٹہ: لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مکان میں موجود 4 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

سیکریٹری داخلہ بلوچستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لورالائی کے علاقے ناصر آباد میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا تو اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مکان میں موجود چاروں دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

اے ایس پی لورالائی کے مطابق خود کو دھماکے سے اڑانے والوں میں خاتون بھی شامل ہے۔ دھماکے سے ساتھ واقع گھر کی دیوار گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر 4 افراد زخمی ہو گئے۔

اے ایس پی نے بتایا کہ آپریشن میں سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار بھی زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن مکمل کر لیا گیا جس کے بعد کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

مزیدخبریں