لاہور :کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کا خوب چرچا رہا جس میں ایک ننھا باؤلر بڑی مہارت کیساتھ باؤلنگ کر رہا تھا ، ایسی عمدہ باؤلنگ دیکھ کر وسیم اکرم بھی حیران رہ گئے اور ننھے گیند باز کو ڈھونڈنے کی درخواست کر دی ۔ وسیم اکرم کی درخواست پر میڈیا نے چیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والے ننھے حسن اختر کو ڈھونڈ نکالا ۔میڈ یا حسن اختر کے گھر پہنچا تو 6سالہ بچے نے وسیم اکرم سے باولنگ سیکھنے کی فرمائش کردی جس پر سوئنگ کے سلطان نے بھی بچے کو باولنگ ٹپس دینے کا وعدہ کر لیا ۔وسیم اکرم نے حسن اختر کو باولنگ ٹپس دینے کا وعدہ پورا کردیا ۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وسیم اکرم نے حسن اختر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وسیم اکرم چھوٹے بچے کو باؤلنگ کی پٹس دے رہے ہیں ۔پاکستان کی شرٹ پہنے ہوئے حسن اختر بھی بہت غور کے ساتھ وسیم اکرم کی بات سن رہے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی وسیم اکرم نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چیچہ وطنی کے ننھے حسن کے ساتھ معیاری وقت گزار کر بہت مزہ آیا۔ان کا کہنا تھا کہ حسن اختر ساڑھے چھ سال کی عمر میں نا قابل یقین ٹیلنٹ کا حامل ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے ۔