اسلام آبادورلڈ ونٹر گیمز اسپیشل اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان کا دستہ وطن واپس پہنچ گیا۔ پاکستان نے مجموعی طور پر16 میڈلز حاصل کئے۔ آسٹریا کے شہر گراز میں منعقدہ گیمز میں شرکت کے بعد قومی دستہ تین الگ الگ پروازوں سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور پہنچا۔ ایئرپورٹ پر اسپیشل اولمپکس پاکستان کے عہدے داروں اور کھلاڑیوں کے عزیز و اقارب نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
وطن واپس پہنچنے پر اسپیشل اتھلیٹس نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ کھلاڑیوں نے مقابلوں میں جیتنے والے میڈلز پہن رکھے تھے۔ تمام بارہ پاکستانی اسپیشل اتھلیٹس نے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 16 تمغے جیتے جن میں سونے کے 3، چاندی کے7 اور کانسی کے 6 تمغے شامل ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے سنو شوئنگ اور کراس کنٹری اسکئنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
پاکستان کی جانب سے مردوں کے دو سو میٹر سنو شوئنگ مقابلے میں حزیفہ قاضی جبکہ خواتین کی سو میٹر دوڑ میں صباحت طارق نے سونے کے تمغے حاصل کئے۔ خواتین کے چار ضرب سو میٹر ریلے مقابلے میں بھی پاکستانی ٹیم نے سونے کا تمغہ جیتا۔ مردوں کی چار ضرب سو میٹر دوڑ میں پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی اور چاندی کے تمغے کی حقدار پائی۔
پاکستان کی جانب سے سنو سوئنگ میں فاطمہ عامر اور پرویز احمد نے دو دو جبکہ حذیفہ قاضی نے ایک اور اسکئنگ میں اسامہ عزیز نے ایک چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ کانسی کا ایک ایک تمغے جیتنے والوں میں عبداللہ طاہر، حمزہ اسلم، فرح احسان اور تہمینہ شامل ہیں جبکہ مہوش طفیل نے دو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔