بجلی اور گیس کی طرح پانی کیلئے بھی میٹر لگیں گے

04:26 PM, 26 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی :بجلی اور گیس کی طرح پانی کیلئے بھی میٹر لگیں گے۔ نئی پانی کی پالیسی کے تحت پانی فروخت کرنے والوں اور زیرِزمین استعمال کرنے والوں کے لیے میٹر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کانوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق بجلی کی طرح پانی کیلئے بھی میٹر لگیں گے۔


میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر نئی پانی کی پالیسی تیار کر لی گئی ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صنعتی علاقوں میں پانی کی چوری روکنے کے لیے ڈیجیٹل میٹرز لگانے کا عمل یکم اگست سے شروع ہو گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ پانی کی چوری کو روکنے کے لیے 3200 ٹینکرز کو رجسٹرڈ کیا ہے، مزید 2300 ٹینکرز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

 نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ زمین سے پانی نکالنے، استعمال اور فروخت کو شہری حکومت مانیٹر کرے گی، اس کا اطلاق کراچی ڈویژن اور اس کے اطراف کے علاقوں پر لاگو ہو گا۔

اس نئی پانی کی پالیسی میں کارپوریشنز، تجارتی استعمال، بوٹلنگ، پیکجنگ، تعلیمی ادارے، ہوٹل، ریستوران، مینو فیکچرنگ،  پروسسینگ، سوسائٹیز، کوآپریٹو سوسائٹیز بھی شامل ہیں۔ تاہم  نوٹیفکیشن کا اطلاق رہائشی کمپلیکس، اپارٹمنٹس، فلیٹس، ہائی رائز بلڈنگز  پر بھی ہو گا، صرف انفرادی رہائشی مکانات پر زیرِ زمین پانی کا استعمال مفت ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ سی او ٹیڈیپ زبیر موتی والا نے صنعتی علاقوں میں پانی کے میٹرز نصب نہ کرنے کے لیے فون کیا، کمرشل سیکٹر کے لیے زیرِ زمین پانی نکالنے پر پالیسی تیار کر لی ہے، اس پالیسی کے باعث سالانہ 1 ارب روپے آمدنی متوقع ہے۔

مزیدخبریں