لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو تبدیل کر دیا گیا، کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو بھی تبدیل کردیاگیا ہے اور محمد وسیم ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمٰن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔
آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمن ٹیم کا 4 روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔
ویمن نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے، کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمن ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔