لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ، نشیبی علاقے زیرآب، 11 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

10:58 AM, 26 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور میں  آندھی اور موسلا دھار بارش  سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔مو سلا دھاربارش سےنشیبی علاقوں اور مختلف شاہراوں پر جمع ہو گیا۔ آندھی اور طوفانی بارش کے باعث لاہور میں لیسکو کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

پری مون سون نے ملک کے اکثر علاقوں میں رنگ جما دیا، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ بجلی کی بندش  سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل خوب برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

موسلادھار بارش کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں میں بارش کا پانی بھی کھڑا ہوگیا جس کے باعث ٹریفک اور بجلی کا نظام شدید متاثر ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔

لاہور میں صبح 4:40 سے بارش کا سپیل برسنا شروع ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق جیل روڈ 118.5، ایئرپورٹ 52، گلبرگ میں 103، لکشمی میں 161 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ اپرمال میں 78، مغلپورہ میں 72 ، تاجپورہ میں 102 ،نشتر ٹاؤن میں 149 اور چوک ناخدا میں 88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پانی والا تالاب میں 165 ،فرخ آباد 50، گلشن راوی میں 153 ملی میٹر بارش، علامہ اقبال ٹاؤن میں 142 ، سمن آباد میں 91 اور جوہر ٹاﺅن میں 132 اور قرطبہ چوک میں 154 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، میانوالی، منڈی بہاؤ الدین، نارووال اور پسرور میں بھی خوب بادل برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

جہاں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوا ادھر ہی جانی نقصانات کا بھی سامنا کر پڑ رہا ہے۔ پسرور، شیخوپورہ اور نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق اب تک 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 8 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ اور اطراف میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، خضدار میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

کوئٹہ میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے، دکی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

مزیدخبریں