معاہدے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، آصف زرداری ہمیں سنجیدہ لیں ،وزیر اعظم مداخلت کریں: وسیم اختر 

11:22 PM, 26 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ سابق صدر آصف زرداری ہماری باتوں کو سنجیدہ لیں اور وزیراعظم شہبازشریف مداخلت کریں معاہدے پر عملدرآمد کرائیں۔ 

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اخترکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ساتھ معاملات آگے نہیں بڑھ رہے ۔ وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ شہری اور دیہی مسائل حل ہوں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی کہہ چکے ہیں کہ بلدیاتی نظام با اختیار ہو مگر حکومت بن گئی اور سب مزے سے بیٹھ گئے لیکن معاہدے پرکوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔

نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیا بلدیاتی ایکٹ نہیں بنتا تو حکومت کے ساتھ کسی چیز میں حصہ نہیں لیں گے ۔ سندھ حکومت ابھی بھی اختیارات  نیچے دینے میں ہچکچا رہی ہے۔ بلدیاتی نظام کا مسودہ بن گیا  ہے تو اسے فوری طور پر قانون بنا دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے وعدوں  پر اعتبار ہے اور یقین ہے کہ بلدیاتی نظام کےمعاملے پر سپریم کورٹ کے احکامات پر  بھی مکمل عملدرآمد کیا جائےگا۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ٹرن آؤٹ کم ہے، فائرنگ ہوئی، ووٹرز خوف کا شکار ہیں ، بیلٹ پیپروں سے امیدواروں کے انتخابی نشانات غائب ہیں، الیکشن کمیشن کو اپنی کارکردگی دیکھنی چاہیے۔

سابق میئر کراچی کا کہنا تھا اندرون سندھ میں ڈاکو بیلٹ بکس اٹھا کرلےگئے ، سندھ کے 14 اضلاع میں دھاندلی کا بازار گرم ہے۔  پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے لیکن الیکشن کمیشن کے ساتھ ان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے گذارش کرتے ہیں کہ سندھ میں جاری بلدیاتی انتخابات فوری روکے جائیں ۔ الیکشن کمشنر بہت اچھے افسر ہیں،  ان سے درخواست ہے کہ ووٹرز لسٹوں اورحلقہ بندیوں کو درست کردیں۔

مزیدخبریں