اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پارا چنار سے تعلق رکھنے والے صوبیدار منیر حسین اور ڈی آئی خان کے حوالدار بابو خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی ختم کرنے کے لیے کلیئرنس کی جا رہی ہے۔