شہباز حکومت امپائر سے مل کر ضمنی انتخابات میں دھاندلی کرنا چاہتی ہے: عمران خان 

08:02 PM, 26 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور آئی جی پنجاب کو دیکھ رہا ہوں۔ یہ چوروں کا ساتھ نہ دیں۔ موجودہ حکمران امپائر سے مل کر ضمنی انتخابات میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم لوٹوں کو شکست دیں گے۔ 

لاہور میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ امپائروں کے باوجود امریکا کے غلاموں کو ہم شکست دیں گے ۔الیکشن کمیشن پر کسی کو بھی اعتبار نہیں۔امپائر ساتھ ہونے کے باوجود چوروں کو شکست دینی ہے۔عوام ان چوروں کے خلاف ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ راؤ سردار کو میں نے ہی لگایا تھا وہ ایماندر آدمی ہے۔ آئی جی پنجاب کو کہتاہوں کہ آپ کو قانون کے مطابق چلناہے۔ آپ قانون کے مطابق نہیں چلے تو  لوگ آپ کو معاف نہیں کریں گے ۔لوٹے کسی صورت اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔موجودہ حکومت ناجائزاورامپورٹڈہے۔ چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ یہ صرف امپائر کو ساتھ ملاکر الیکشن جیت سکتےہیں۔یہ صرف ایک حلقے کا نہیں پاکستان کا الیکشن ہے۔ گھر گھرجا کر لوگوں کو تیارکرنا ہے ۔ لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، اب عوام نے بدلا لینا ہے اور ان لوٹوں کو شکست دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے، غنڈہ گردی کی جارہی ہے۔ ملک نواز اعوان میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، ملزم حمزہ اور اس کے والد چیری بلاسم شہباز شریف کو شکست دینی ہے۔ ہم نے بیرونی سازش سے مسلط ہونیوالوں کو ناکام بنانا ہے، ناجائز اور امپورٹڈ حکومت کو ہر حال میں شکست دینی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے تھے بہت مہنگائی ہے۔آج دو ماہ میں انہوں نے وہ مہنگائی کی ہے جو ہم نے ساڑھے تین سال نہیں کی۔ آٹا، گھی، چینی چاول سب مہنگا کر دیا ہے جو آئی ایم ایف انہیں کہے گا یہ کریں گے۔

مزیدخبریں